سنگاپور ، 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو آج ہندوستان کے ترقی پر مرکوز کرنے والے لیڈر کی حیثیت سے خود کو پیش کرنے پر سنگاپور کے ممتاز روزنامہ ’’دی اسٹریٹس ٹائمز‘‘ کی جانب سے ’’ایشین آف دی ایئر ‘‘ نامزد کیا گیا ہے ۔ اس اخبار کے پبلیشر سنگاپور پریس ہولڈنگس لمیٹیڈ نے کہا کہ اپنے منصب پر نسبتاً نئے شخص ہونے کے باوجود مودی نے ایشیا میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ جیسا کہ وہ پڑوسیوں سے رابطوں میں کامیاب ہوئے اور کئی بین الاقوامی قائدین بشمول چین کے شی جن پنگ اور آسٹریلیا کے ٹونی ایبٹ کی تعریف و ستائش حاصل کی ہے ۔
اخبار نے کہا کہ مودی کا جاپان کو نہایت کامیاب دور رہا جہاں انھوں نے میزبان ہم منصب شنزو آبے کے ساتھ چوٹی ملاقات منعقد کی ۔ اخبار کے ایڈیٹر وارن فرنانڈیز نے کہا کہ مودی نے ہندوستان اور دنیا کو پھر ایک بار اپنے ملک کی ترقی کے امکانات کے تعلق سے پرجوش بنایا ہے ۔ انھوں نے اپنے عوام کو سمت اور مقصد کا نیا احساس دیا ہے اور ایسی اُمیدیں پائی جاتی ہیں کہ وہ اپنے مضبوط خط اعتماد کو بروئے کار لاتے ہوئے ایشیا کی بڑی طاقتوں میں سے ایک بننا چاہتے ہیں ۔ ہم اُنھیں اور ہندوستان کیلئے تمام تر نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں ۔ معیشت کے محاذ پر مودی کی میک ان انڈیا مہم اگر اپنے منطقی انجام تک پہونچتی ہے تو ہندوستان کے حق میں بڑی کامیابی ہوگی اور اس کی معاشی ترقی ہندوستانی معیشت کو دو ٹریلین امریکی ڈالر کی قدر کا بناسکتی ہے ۔ اور خطہ میں اُس کا رول کافی اہم ہوجائے گا جہاں اُسے چین اور جاپان سے ہم آہنگ ہوکر آگے بڑھنا ہے ۔ معاشی انحطاط کے دور میں چین اور جاپان کی معیشتیں سست روی کا شکار ہوئیں لیکن خوش قسمتی سے ہندوستان پر اُتنا مضر ا ثر نہیں ہوا ۔ یہ پس منظر بھی ہندوستان کے حق میں ہے ۔ سیاسی اور سماجی محاذوں پر مودی نے ہندوستان کو اپنے ترقیاتی ایجنڈے کے ذریعہ متحرک کردیا ہے ۔ جنوری میں وہ امریکی صدر براک اوباما کا سالانہ یوم جمہوریہ تقاریب کے مہمان خصوصی کے طورپر استقبال کریں گے ۔