وزیراعظم مودی کا کچھ گھنٹوں کیلئے پھر دورۂ گجرات

گاندھی نگر،یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندرمودی کل شام کچھ گھنٹوں کے لئے اپنے آبائی شہر گجرات کے ایک اور دورے پر آئیں گے اور دارالحکومت گاندھی نگر میں واقع دنیا کے مشہور اکشردھام مندر کے قیام کی سلور جوبلی تقریب میں حصہ لے کر رات کو ہی نئی دہلی لوٹ جائیں گے ۔ مودی کل شام پانچ بجے فضائیہ کے خصوصی طیارے سے احمدآباد میں سردار پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے ۔اس کے بعد وہ راج بھون جائیں گے ۔شام کو وہ وزیراعلی کی رہائش گاہ کے بالکل قریب واقع اکشردھام مندر جائیں گے اور وہاں اس مندر کے 25سال مکمل ہونے پر تیار 15منٹ کے لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو’اکشردھام سناتنم ‘ کا افتتاح کریں گے ۔وہ اس مندر کی تعمیر کرانے والے سوامی نارائن سمپرادئے کی بی اے پی ایس تنظیم سے منسلک قریب 25ہزار لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔