ڈھاکہ ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بیشتر رکاوٹوں کو جو باہمی تعلقات میں رکاوٹ بن رہے تھے، دور کرنے کے بعد اب بنگلہ دیش اور ہندوستان کو ضمنی علاقائی مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ بنگلہ دیش علاقائی تعاون میں ایک ’’نئے موڑ‘‘ کی حیثیت سے دیکھا جارہا ہے۔ وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ کے مشیر پالیسی امور پروفیسر گوہر رضوی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے کئی اہم مسائل کی یکسوئی کرلی ہے جو باہمی تعلقات میں عملی اعتبار سے رکاوٹ بن رہے تھے اور کئی پراجکٹس کا آغاز کیا گیا ہے جو باہمی اشتراک و تعاون پر مبنی ہے۔ وزیراعظم ہند نریندر مودی کے دورہ بنگلہ دیش کو باہمی تعلقات اور تعاون کا ایک نیا موڑ سمجھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو توقع ہیکہ مودی کا دو روزہ دورہ بنگلہ دیش کا آغاز ہفتہ کے دن ہوگا تاکہ باہمی تعلقات کو نئی بلند تر سطح تک پہنچایا جاسکے اور عظیم تر باہمی علاقائی مسائل پر جن سے دونوں ممالک کے مفادات وابستہ ہیں، توجہ دی جاسکے۔