نئی دہلی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اُمور خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی 3 تا 5 ستمبر منعقد شدنی ’بریکس‘ چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے چین کے شہر ژیامن کا سفر کریں گے۔ ڈوکلم میں 73 دن سے جاری ہند ۔ چین تعطل ختم ہونے کے ایک دن بعد مودی کے اس دورہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہند اور چین نے گزشتہ روز ڈوکلم کے علاقہ سے اپنی فوجوں کو ہٹالیا تھا۔ وزارت اُمور خارجہ نے کہاکہ ’’عوامی جمہوریہ چین کے صدر کی دعوت پر وزیراعظم نریندر مودی 9 ویں بریکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے 3 تا 5 ستمبر چینی صوبہ فوجیان کے شہر ژیامن کا دورہ کریں گے‘‘۔ وزیراعظم مودی چین کے بعد 5 تا 7 ستمبر ماینمار کے صدر یوہٹن کیاؤ کی دعوت پر اس ملک کا دورہ کریں گے۔ وزارت اُمور خارجہ نے مزید کہاکہ ’’وزیراعظم اس دورہ کے موقع پر ماینمار کی اسٹیٹ کونسل ڈا آنگ سان سوچی سے باہمی مفادات سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے اور صدر یوہٹن کیاؤ سے ان کی ملاقات ہوگی۔ وہ یانگون اور باگان کا دورہ کری گے‘‘۔ مودی نے آسیان چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے نومبر 2014 ء میں ماینمار کے دارالحکومت نے پیائی تاؤ کا دورہ کیا تھا لیکن یہ ان کا پہلا باہمی دورہ ماینمار ہے۔
گرمیت کے جانشین کی تقرری کی تردید
سرسا۔ 29اگست (سیاست ڈاٹ کام) ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کے جیل جانے کے بعد ان کی جگہ ان کے بیٹے کوجا نشین بنائے جانے کی میڈیامیں آرہی خبروں کی ڈیرہ انتظامیہ نے تردید کی ہے ۔ڈیرہ انتظامیہ کمیٹی کی صدر وپاشنا انسا نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ میڈیا میں آرہی خبریں بے بنیاد اور حقیقت سے پرے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیرہ کے لاکھوں پیروکاروں کا آج بھی گرمیت رام رحیم میں مکمل عقیدہ ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیرہ کی گدی پرکسی نئے شخص کی تقرری کے تعلق سے انتظامیہ کی کوئی ایمرجنسی میٹنگ نہیں ہوئی ہے ۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ڈیرہ کے سربراہ کسی بڑی سازش کا شکار ہوئے ہیں۔وپاشنا انسا نے بتایا کہ بیشتر پیروکار ڈیرہ سے جاچکے ہیں اور ڈیرہ سے وابستہ تعلیمی ادارے اور دیگر کاروباری سرگرمیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔