وزیراعظم مودی کا آئندہ ہفتہ دورہ اسرائیل

ممبئی حملوں میں بچ جانے والے یہودی بچے سے مودی کریں گے ملاقات
یروشلم ۔ 30 ۔ جون( سیاست ڈاٹ کام ) موشے ہلسبرگ نامی اسرائیل بچہ جو 2008 ء میں ممبئی میں ہوئے دہشت گرد حملوں کے دوران صرف دو سال کا تھا اور اس کے والدین کو ہلاک کردیا گیا تھا ، وہی بچہ اب اس انتظار میں ہے کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی آئندہ ہفتہ دورہ اسرائیل کے دوران اُس سے ملاقات کریں گے ۔ یاد رہے کہ نریندر مودی آئندہ ہفتہ اسرائیل کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں خصوصی طور پر انہوں نے موشے ہلسبرگ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے جو اب دس سال کا ہوچکا ہے ۔ اس موقع پر بچہ کے ارکان خاندان بیحد مسرور ہیں اور اپنے لئے اعزاز سمجھ رہے ہیں کہ مودی جی اُن کے مکان پر آئیں گے ۔ ان کا یہ کہنا ہے کہ ہندوستانیوں کو آج بھی ان کے دُکھ درد کا احساس ہے جسے وہ آج تک نہیں بھولے اس موقع پر ربی شمعون روزینبرگ نے بتایا کہ انہیں اس وقت اپنے کانوں پریقین نہیں آیا کہ جو کچھ وہ سُن رہے ہیں صحیح ہے ۔ انہیں ہندوستانی سفیر کا فون کال ملا جہاں ان سے یہ کہا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اُن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ سنتے ہی سب سے پہلے مجھے یہ خیال آیا کہ ہندوستانی ہمارا دکھ درد فراموش نہیں کئے ہیں ۔ نریندر مودی موشے کی نگران کار سینڈرا سیمولس سے ملاقات کریں گے جس نے حملہ کے روز نریمان ہاؤس نامی عمارت سے موشے کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا اور اپنی ان کوشش میں بھی کامیاب رہی جہاں اس نے موشے کے دادا اور دادی شمعون اور یہودیت روزینبرگ کو بھی عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا تھا ۔ ربی نے کہا کہ ہمیں اس وقت کا بیچینی سے انتظار ہے جب وزیراعظم نریندر مودی ہم سے ملاقات کریں گے ۔ نریمان ہاوس ان پانچ مقامات میں سے ایک تھا جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا ۔ دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ 5 جولائی کو مودی سے ملاقات کا وقت اور مقام کا ہنوز تعین نہیں ہوا ہے ۔