وزیراعظم مودی ’’کالیاناگ‘‘:لالو

پٹنہ۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے یادو رائے دہندوں سے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بہار کو لارڈ کرشنا کی آبائی سرزمین قرار دینے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے وزیراعظم پر جوابی وار کرتے ہوئے انہیں ’’کالیاناگ‘‘ قرار دیا جو ایک اساطیری سانپ ہے جسے ہندودیوتا نے ہلاک کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی ’’ اسے ‘‘ کچل دیں گے ۔ کیونکہ کالیا ناگ نے نریندرمودی کے جسم میں دوبارہ جنم لیا ہے اور پورے بہار پر وار کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے ایک بار پھر کچل دیں گے اور ریاست سے اُس کی پارٹی کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ لالو یادو نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے اعداد و شمار فوری جاری کرنے مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ۔ صدر جے ڈی یو شرد یادو بھی دوپہر کے قریب اپنی پارٹی کی جانب سے تائید کا اشارہ دیتے ہوئے بھوک ہڑتالی لالو پرساد یادو سے ملاقات کے لئے آئے اور انہوں نے کہا کہ لالو یادو نے ملک میں غالب’’ برے دنوں ‘‘کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور اسے اُن کی پارٹی کی بھی بھرپور تائید حاصل ہے ۔بی جے پی نے نریندر مودی کو ’’کالیا ناگ‘‘ قرار دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ پارٹی ترجمان سمبت پترا نے لالو پرساد پر تنقید کی ۔