وزیراعظم مودی نے سکم کے پہلے ایرپورٹ کا افتتاح کیا

پاکیانگ (سکم) ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سکم کے پہلے ایئرپورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے اسے قوم کے نام معنون کیا اور کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ترقی میں آگے بڑھنے کے معاملے میں سست رفتاری سے کام کیا۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت شمال مشرق کو ہندوستان کی ترقی کا انجن بنانے کی پابند عہد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس گرین فیلڈ ایرپورٹ کے افتتاح کے ساتھ ملک میں موجودہ طور پر 100 ایرپورٹس ہوگئے ہیں۔ آزادی کے بعد سے ملک میں 2014ء تک صرف 65 ایرپورٹس تھے۔ لیکن گزشتہ چار سال میں ہم نے 35 ایرپورٹس تعمیر کئے ہیں۔ قبل ازیں اوسط ہر سال ایک ایرپورٹ کا تھا، اب یہ اوسط فی سال 9 ایرپورٹس ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال میں ملک کے پاس 400 طیارے تھے لیکن ایک سال میں 1,000 طیاروں کا مختلف ایرلائنس نے آرڈر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوششیں رہی ہیں کہ عام آدمی جو ہوائی چپل پہنتا ہے وہ ہوائی جہاز (طیارہ) کے ذریعے سفر کرے۔