ڈھاکہ ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ تمام دیرینہ مسائل پر جو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجود ہیں، وزیراعظم نریندر مودی سے جاریہ ہفتہ ان کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرنا چاہتی ہیں۔ سی پی آئی ایم کے نئے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کل شام یہاں ان سے ملاقات کی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ سے ہر ایک کو فائدہ پہنچے گا۔ ملاقات میں جو ایک گھنٹہ طویل تھی، وزیراعظم بنگلہ دیش نے سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری سے کہا کہ وہ سرحدی اراضی کے معاہدہ کی بھرپور تائید کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہشمند ہیں اور تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ یہی علاقائی عوام کے مفاد میں ہوگا۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی اراضی کے تاریخی معاہدہ کو پارلیمنٹ نے منظوری دی تھی۔