وزیراعظم غریبوں کیلئے وقف ، مہیش شرما کا دعوی

نئی دہلی۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو حقیقی یوگی اور انسانیت نواز شخصیت قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر مہیش شرما نے آج کہا کہ پی ایم کا ویژن جمہوریت اور معاشی ترقی کے فوائد کو غریبوں تک پہنچانا ہے جو اس معاملہ میں سب سے پچھڑے ہوئے ہیں۔ وزیر موصوف یہاں ایک اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ جب تک ترقی بالخصوص معاشی ترقی کو تمام طبقات تک نہیں پہنچایا جائے، یہ پائیدار نہیں ہوسکتی اور زور دیا کہ مودی حکومت کا ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس‘ نعرہ اسی کے مطابقت میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیداری سے متعلق اجلاس کے گفت و شنید سے عام آدمی کی ترقی ہونا چاہئے، اسے بااختیار بنانا چاہئے اور سماج کے پچھڑے طبقات کی ترقی بھی ضروری ہے۔ شرما نے کہا کہ یہی وہ شعبے ہیں جن پر وزیراعظم نے توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ وہ حقیقی معنوں میں سادھو ہیں۔ وہ واقع عام آدمی کے لیے سوچ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ مجھے ان کی کابینہ میں گزشتہ تین سال سے کام کرنے کا اعزاز ملا ہے۔