واشنگٹن ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما آئندہ ماہ وزیراعظم عراق حیدرالعبادی کی میزبانی کریں گے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی اور سیکوریٹی صورتحال بشمول آئی ایس آئی ایل گروپ کے خلاف مہم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وائیٹ ہاؤز کے مطابق اوباما اور العبادی کی ملاقات 14 اپریل کو ہوگی۔ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین مستحکم روابط کا ثبوت ہے۔ وائیٹ کے پریس سکریٹری نے بتایا کہ عراق میں داعش کے خلاف امریکہ کے سیاسی و فوجی تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔ امریکی زیرقیادت اتحادی افواج داعش کے خلاف روزانہ فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ داعش نے عراق اور شام کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرلیا ہے۔