وزیراعظم تھائی لینڈ کا اکٹوبر میں دورۂ امریکہ

واشنگٹن ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ تھائی لینڈ کے وزیراعظم پریوت چان۔ او۔چا کا 3 اکٹوبر کو وائیٹ ہاؤس میں استقبال کریں گے کیونکہ اس وقت دونوں ہی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب زائد توجہ دے رہے ہیں۔ یاد رہیکہ تین سال قبل تھائی لینڈ کے سابق فوجی سربراہ پریوت کے ذریعہ فوجی بغاوت کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ حالانکہ پریوت نے امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما سے گذشتہ سال فروری میں آسیان۔ یو ایس چوٹی کانفرنس کے دوران کیلیفورنیا میں ملاقات کی تھی۔ دریں اثناء وائیٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات کی توثیق کی گئی کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ بھی ایشیاء میں اپنے اہم شراکت دار اور حلیف ملک تھائی لینڈ کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔ یاد رہیکہ ماہ اپریل میں ٹرمپ نے پریوت سے فون پر بات کرتے ہوئے انہیں امریکہ کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ دورہ کے دوران دونوں قائدین دورخی تعلقات میں استحکام اور انڈوپیسیفک خطہ میں باہمی تعاون کے موضوعات پر بات چیت کریں گے۔