انقرہ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ترکی بن علی یلدرم کے مشیر اعلیٰ کو فتح اللہ گلین کی تحریک سے مشتبہ روابط کے شبہ میں حراست میں لے لیا گیا۔ ترکی میں گزشتہ سال ناکام بغاوت کے لئے فتح اللہ گلین کو موردالزام قرار دیا جارہا ہے جو اس وقت امریکہ میں جلا وطن ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ وزارت انصاف کے سابق سینئر عہدیدار بیرول اردم کو ان کی اہلیہ کے ہمراہ انقرہ میں تحویل میں لے لیا گیا۔ ان پر گلین کی زیرقیادت تحریک کے رکن ہونے کا الزام ہے۔ حکومت ترکی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ عالم دین فتح اللہ گلین نے 15 جولائی کو صدر رجب طیب اردغان کو معزول کرنے کا حکم دیا تھا۔ گلین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ وہ پنسلوانیا میں 1999ء سے خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ حکومت ترکی نے اس ناکام بغاوت کے بعد 50 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں ججس، وکلاء، پولیس عہدیدار اور مسلح فورس کے ارکان شامل ہیں۔
ان پر گلین تحریک سے روابط کا الزام ہے۔