وزیراعظم ترکی ملک کے صدارتی انتخابی امیدوار

انقرہ ۔یکم جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم ترکی طیب اردغان کی حکمراں جماعت ملک کے پہلے راست منتخبہ صدارتی انتخابات کے لئے انھیں نامزد کرنا چاہتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو طیب اردغان مزید پانچ سال تک برسراقتدار رہیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اردغان 2003 ء سے برسراقتدار ہیں اور پارٹی کے اصول و ضوابط کے مطابق انھیں وزیراعظم کے عہدہ کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ فی الحال صدارتی عہدہ کے لئے اُن کی نامزدگی کا اعلان پارٹی کے اجلاس میں آج ہوسکتا ہے ۔ یہ کہا جاتا ہے کہ ترکی میں صدارتی عہدہ صرف برائے نام ہوتا ہے لیکن اردغان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے نظام حکومت کی تائید کرتے ہیں جہاں صدر کو اختیارات تفویض کئے گئے ہوں۔ انھوں نے کہاکہ اگر اُن کا انتخاب عمل میں آیا تو وہ صدر کے مخفی اختیارات کا بھی بھرپور استعمال کریں گے ۔ دو مراحل میں ہونے والے انتخابات 10 اور 24 اگست کو منعقد شدنی ہیں جبکہ 28 اگست کو موجودہ صدر عبداﷲ گل کے میعاد اختتام پذیر ہوگی ۔تاخیر سے موصولہ اطلاعات کے بموجب پارٹی نے اپنے ایک اجلاس میں ‘ جس میں تمام قائدین شریک تھے ‘ اردگان کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے ۔