وزیراعظم برطانیہ کا صدر روس پر طریقہ کار تبدیل کرنے دباؤ

مانچسٹر ۔ /4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم برطانیہ ڈیویڈ کیمرون نے صدر روس ولادیمیر پوٹین پر دباؤ ڈالا کہ وہ شام میں اپنا طریقہ کار تبدیل کردیں اور تسلیم کریں کہ صدر بشارالاسد کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے ۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی حملے کا نشانہ دولت اسلامیہ کے جہادی ہیں ۔ لیکن برطانیہ کے محکمہ سراغ رسانی کا دعویٰ ہے کہ روس کے 20 فضائی حملوں میں سے صرف ایک دولت اسلامیہ کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوا ۔ ڈیویڈ کیمرون نے بی بی سی ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ المناک بات یہ ہے کہ روسی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے بیشتر افراد بے قصور شہری تھے ۔ جیسا کہ ہم اب تک دیکھ چکے ہیں ۔ شام کے کئی علاقوں پر دولت اسلامیہ کا کنٹرول ہنوز برقرار ہے لیکن حکومت کے مخالفین کا کنٹرول بیشتر علاقوں پر سے ختم ہوچکا ہے ۔ اس لئے ہم صدر روس سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنا طریقے کار تبدیل کردیں اور ہمارے ساتھ ملکر دولت اسلامیہ پر حملے کریں ۔