وزیراعظم بحری تنازعات کی پرامن یکسوئی کے حامی

پورٹ لوئی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بحری مسائل کی پرامن یکسوئی کے لئے پرزور اپیل کی اور کہاکہ بین الاقوامی بحری قواعد کا احترام کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے بحر ہند کے ممالک کا ایک مضبوط گروپ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وہ اپنے 3 قومی دورے کی دوسری منزل پر ماریشس پہونچے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ دنیا علاقائی گروپس عموماً زمینی رقبہ کے اطراف کے ممالک کے ساتھ قائم کرتی ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بحر ہند کے اطراف کے ممالک پر مشتمل ایک طاقتور گروپ قائم کیا جائے۔

اُنھوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا بحر ہند کا مستقبل چاہتے ہیں جس میں صیانت اور فروغ تمام علاقائی ممالک کے لئے ہو، اُنھوں نے اِس کا نام ’’ساگر‘‘ تجویز کیا۔ اُنھوں نے تمام بحری تنازعات کی پرامن یکسوئی کے لئے پرزور اپیل کی اور کہاکہ ہندوستان ہمیشہ سے بحری جہاز رانی کی آزادی کا حامی رہا ہے۔ جنوبی بحر چین کا تنازعہ بات چیت کے ذریعہ ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت پختہ ارادہ کئے ہوئے ہے کہ دھوکہ دہی کے خلاف جدوجہد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے آج کہاکہ صرف 20 کوئلہ بلاکس کے نیلام سے دو لاکھ کروڑ سے زیادہ روپئے حاصل ہورہے ہیں۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پالیسی پر مبنی حکمرانی کرپشن کے نظام سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہے۔ وہ اُن کے اعزاز میں ماریشس کے دارالحکومت میں منعقدہ شہری استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔

اُنھوں نے پوری دنیا کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی خاص طور پر بحر ہند کے علاقہ میں تبدیلی ماحولیات سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ مودی نے مہاتما گاندھی کے فلسفہ کا بھی حوالہ دیا اور کہاکہ ہر شخص کو صرف حسب ضرورت استعمال کرنا چاہئے۔ ماحولیات کے تحفظ کی ضرورت پر توجہ دینی چاہئے۔ اُنھوں نے آئندہ برسر اقتدار آنے والی حکومتوں سے اپیل کی کہ نوجوان نسل تبدیلی، ترقی اور موقع چاہتی ہے۔ وہ ہمارے ساتھ مہربانی کرنا نہیں چاہتے۔ اُنھوں نے مہارتوں کی ترقی کے اقدام پر بھی زور دیا اور کہاکہ ماریشس میں ہندوستانی برادری قابل ستائش ہے۔ وہ اُن کی میزبانی سے بہت متاثر ہوئے۔ اُنھوں نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیکنالوجی ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تبدیلی ماحولیات مسئلہ سے پوری دنیا کو متحدہ طور پر نمٹنا چاہئے۔ اُنھوں نے میک اِن انڈیا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ملک نئی بلندیوں پر پہونچنے کے لئے تیار ہے۔