وزیراعظم آسٹریلیا اپنے دورہ میں تنڈولکر سے ملاقات کریں گے

نئی دہلی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم آسٹریلیا ٹونی ایباٹ ممبئی میں افسانوی کرکٹ کھلاڑی سچن تنڈولکر سے کل ملاقات کریں گے جبکہ ان کے دو روزہ دورہ ہند کا آغاز ہوگا۔ ٹونی ایباٹ افسانوی کرکٹ کھلاڑی سے ملاقات کرکے یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہندوستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ کے شعبہ میں شراکت داری سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ جوائنٹ سیکریٹری (جنوبی) وزارت اُمور خارجہ سنجے بھٹا چاریہ نے کہا کہ وزیراعظم آسٹریلیا کل دوپہر ممبئی پہونچیں گے اور کرکٹ کل آف انڈیا میں کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔

تین تنظیموں کے 14 عسکریت پسندوں کی خودسپردگی
ڈیفو(آسام)۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تین علیحدگی پسند تنظیموں کے جملہ 14 عسکریت پسندوں نے آج زبردست اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخیرہ کے ساتھ آسام کے کربی آنگ لانگ ضلع میں پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کرلی۔ عسکریت پسندوں نے ایس پی ایم جے موہنتا کے آگے ہتھیار ڈال دیئے۔ ان میں یونائٹیڈ پیپلز لبریشن فرنٹ کے 7، کربی نیشنل لبریشن آرمی کے 4 اور کربی پیپلز لبریشن ٹائیگرس کے 3 عسکریت پسند بھی شامل تھے۔