نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریسی لیڈر احمد پٹیل نے منگل کو بیان دیا کہ افسوس کی بات ہیکہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 بلین ڈالرز سرمایہ کاری معاہدات پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ پاکستان کے خلاف قومی احساسات کو سعودی شہزادہ ولیعہد کو واقف کروائیں۔ سعودی ولیعہد نے اتوار سے جنوبی ایشیاء کے دورہ کے پہلے پڑاؤ کے تحت پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وہ منگل کی رات ہندوستان پہنچنے والے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی بات چیت ہوگی۔ پٹیل نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہیکہ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ 20 بلین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کے 96 گھنٹے بعد ہی پلوامہ میں بڑا دھماکہ کیا گیا۔ انہوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم قوم کے جذبات کو سعودی ولیعہد سے واقف کروائیں۔