خلا میں انسانی مشن بھیجنے کی سمت پیشرفت
وزیر اعظم نریند رمودی اور لوک سبھا ارکان کی اسرو کے سائینسدانوں کو مبارکباد
سری ہری کوٹہ ( آندھرا پردیش ) 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) خلا میں انسانوں کو بھیجنے ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے خلائی تحقیق کے ادارہ اسرو نے آج اپنے تجرباتی مشن کے حصے کے طور پر اپنے سب سے بڑے راکٹ جی ایس ایل وی مارک 111 کا کامیاب تجربہ کیا ۔ اس راکٹ کو آج سری ہری کوٹہ سے خلا میں داغا گیا ۔ یہاں ستیش دھون اسپیس سنٹر کے دوسرے لانچ پیڈ سے داغے جانے کے 730 سکنڈ بعد عملہ کی طرز کا نمونہ ( Crew Module Atmospheric Re-entry Experimnet ) LVM3-X سے علیحدہ ہونے کے بعد خلیج بنگال میں آگرا ۔ آگرہ سے کم کرنے والے ڈی ار ڈی او لیب ایرئیل ڈلیوری ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ادارہ کے خاص طور پر تیار کردہ تین سطحوں کے پیراشوٹس نے عملہ کے نمونہ کو بحفاظت سمندر میں اترنے میں مدد فراہم کی ۔ اسرو ہیومن اسپیس لائیٹ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائرکٹر ایس انی کرشنن نائر نے کہا کہ ہم کو کریو کیپسول میں بیکان سے سگنل موصول ہوا ہے ۔ انڈین کوسٹ گارڈ کے جہاموں کو یہ سگنل ملا ہے اور وہ موجودہ مقام سے 100 کیلومیٹر دور ہیں اور اس کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ یہ کریو نمونہ تین ٹن وزنی اور 2.7 میٹر طویل ہے اور اس میں جامع پیانلس
اور تھرمل پروٹیکشن سسٹمس بھی موجود ہیں جو دو تا تین خلا بازوں کو لیجا سکتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس ماڈیول کو پہلے چینائی کے قریب اینور میں کمراجار ساحل تک لیجایا جائیگا اور وہاں سے تھرواننتا پورم ( کیرالا ) میں وکرم سارا بھائی اسپیس سنٹر منتقل کیا جائیگا جہیں مزید مطالعہ کیا جائیگا ۔ جی ایس ایل وی ایم کے تھری کے فلائیٹ ماحول کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسرو کے سربراہ کے رادھا کرشنن نے کہا کہ اس کے جو دو مراحل تھے انہوں نے توقعات کے مطابق مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نے ایسا کردکھایا ہے ۔ انتہائی وزنی راکٹ داغنے اسرو کی صلاحیت ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے اور اس سے ہمیں مستقبل میں اپنے کام کاج کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کرائیوجینک انجن تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کیلئے دو سال درکار ہونگے ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا میں ارکان نے اسرو کو اس وزنی راکٹ کے کامیاب تجربہ پر مبارکباد دی ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ اس راکٹ کا کامیاب تجربہ ہمارے سائینسدانوں کی مہارت اور سخت محنت کو اجاگر کرتا ہے اور وہ اس پر اسرو کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ لوک سبھا میں بھی ارکان نے اس کامیاب تجربہ پر اسرو کو مبارکباد پیش کی ۔