نیویارک 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں ملاقات کی توقع نہیں ہے۔ فی الحال ملاقات کا کوئی تعین نہیں کیا گیا۔ پروگرام کے مطابق کوئی باہمی ملاقات مقرر نہیں ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ مودی اور شریف شہر نیویارک کے ایک ہی ہوٹل والڈارف اسٹوریا میں قیام پذیر ہیں۔ اِس سوال پر کہ کیا یہ دانستہ کوشش ہے کہ دونوں قائدین کی راہیں نہیں ملتیں، سوروپ نے نفی میں جواب دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسی کوئی دانستہ کوشش نہیں کی گئی۔ اگر مصافحہ ہوجائے تو آپ اِسے دیکھ سکیں گے۔ اگر آپ ایک دوسرے سے دور ہونے کا منظر ہو تو اِسے بھی دیکھ سکیں گے۔ مبینہ طور پر شریف کل شام نیویارک پہونچیں گے۔ مودی پائیدار ترقی کے موضوع پر منعقدہ چوٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے جس کے میزبان معتمد عمومی اقوام متحدہ بانکی مون ہوں گے۔اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے آج بنگلہ دیش کی ہم منصب شیخ حسینہ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے باہمی روابط کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔