وزرائے اعظم ترکی ،پاکستان احمد داؤد اوگلو اور نواز شریف کی بات چیت، 11 معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ترکی احمد دعوت اوگلو نے آج وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے کلیدی مسائل پر بات چیت کی اور دونوں ممالک نے 11 معاہدوں بشمول معاشی، تجارتی اور برقی توانائی پر دستخط کئے۔ وزیراعظم ترکی کے ہمراہ کئی کابینی وزراء، صف اول کے تاجر اور سرکاری عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد بھی دورہ پر ہے۔ دو روزہ دورہ کے پہلے دن تمام معاہدوں پر وزرائے اعظم ترکی و پاکستان نے دستخط کئے۔ بعدازاں پاکستان ۔ ترکی اعلیٰ سطحی دفاعی تعاون کونسل کا چوتھا اجلاس دونوں وزرائے اعظم کی مشترکہ صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں مختلف سودوں پر دستخط متوقع ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ناگزیر شراکت دار ہیں اور ان کے تعلقات کا تقابل دیگر بین ممالک تعلقات سے نہیں کیا جاسکتا۔ دعوت اوگلو نے کہا کہ دونوں ممالک کا مقدر مشترک ہے۔ اس لئے تعلقات بھی مستحکم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے ہندوستان سے تعلقات بہتر کرنے کی وزیراعظم پاکستان کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ وہ اس اقدام کی تائید کریں گے۔