حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے وزراء کو اپنے من پسند علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات کے لیے فی کس 30 کروڑ روپئے خرچ کرنے کی اجازت دی ہے ۔ تلنگانہ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے یہ فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ کارپوریشن یہ فنڈز بینکوں سے بطور قرض حاصل کرے گا۔ حکومت نے سڑکوں کی تعمیرات کیلئے 450 کروڑ روپئے منظور کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ ریاستی وزیر عمارت و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے فنڈز کی اجرائی کا جائزہ لیا ہے ۔ حکومت منڈل سطح سے ضلع سطح تک کی تمام سڑکوں کو ترقی دینے کے اقدامات کررہی ہے ۔ تاہم دیہی علاقوں میں سڑکوں کی ابتر صورتحال ہے جس پر دیہی عوام سڑکوں کی تعمیرات کیلئے عوامی منتخب نمائندوں پر دباؤ بنا رہے ہیں ۔ عوامی منتخب نمائندے ان پر عوام سے پڑنے والے دباؤ کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے ریاست کے 17 وزراء کو فی کس 30 کروڑ روپئے منظور کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزراء جن دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات ضروری سمجھتے ہیں ۔ اس کی تجاویز محکمہ عمارات و شوارع کو روانہ کریں گے ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد عہدیدار ڈی پی آر تیار کرینگے ۔ جس کے بعد وزراء کیلئے مختص کردہ فنڈز کے تحت سڑکوں کی تعمیرات کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کلکٹریٹس کی نئی عمارتیں ، ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس ، کی تعمیراتی نیشنل ہائی ویز کی توسیع ، این ایچ اے آئی کیلئے مختص کردہ 6 سڑکوں کے تعمیرات کی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ تعمیری کاموں میں غفلت نہ برتنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔۔