وزارت کے خواہش رکن اسمبلی ایشور کی ناراضگی ختم

ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات ، موقف کی وضاحت
حیدرآباد۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے وزارت میں شمولیت کے اہم دعویدار سینئر رکن اسمبلی کے ایشور کو طلب کرتے ہوئے بات چیت کی اور ان کی ناراضگی دور کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ کریم نگر کے اسمبلی دھرما پوری کی نمائندگی کرنے والے کے ایشور نے آج چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور اپنے موقف کی وضاحت کی۔ انہوں نے کابینہ میں عدم شمولیت کے باعث مالا طبقہ میں پائی جانے والی بے چینی سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ ایشور نے کل گورنمنٹ چیف وہپ کے ایک عہدہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ تاہم آج کے سی آر سے ملاقات کے بعد انہو ںنے اعلان کیا کہ پارٹی نے ان کے بارے میں جو فیصلہ کیا ہے، وہ اسے قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ان کے سیاسی مستقبل کی بہتر فکر ہے اور وہ جو بھی ذمہ داری دیں گے ، اسے نبھائیں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کبھی بھی انہوں نے عہدہ کی خواہش نہیں کی ۔ حالانکہ تلنگانہ تحریک کے آغاز سے وہ ٹی آر ایس سے وابستہ ہیں۔ایشور نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے اپنی حصہ داری ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی آر کے فیصلہ کو بصد احترام قبول کرتے ہیں اور ان کی رہنمائی میں کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی آر کی ہدایت پر بہرصورت عمل کریں گے۔ ایشور نے بتایا کہ چیف منسٹر نے انہیں کابینہ میں توسیع اور حکومت کی دیگر ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میں عدم شمولیت کے باعث مالا طبقہ میں ناراضگی سے متعلق اطلاعات درست ہیں۔ چیف منسٹر نے انہیں مکمل انصاف کا تیقن دیا ہے۔ کے ایشور نے کہا کہ پارٹی جس وقت بحران سے گزر رہی تھی ، انہوں نے کے سی آر کا ساتھ دیا اور 14 سالہ قدیم تلنگانہ جدوجہد میں کے سی آر کے ہم قدم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کیلئے دشواریاں ہوں تو وہ مزید 6 ماہ کیلئے انتظار کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں کے سی آر بہتر فیصلہ کریں گے۔ چیف منسٹر پارٹی کے سینئر قائد کے ایشور کو منانے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد انہیں کابینہ میں توسیع کیلئے دیگر قائدین سے کسی خاص ناراضگی کا اندیشہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے کے ایشور کو اسمبلی میں گورنمنٹ چیف وہپ مقرر کیا ہے ۔