وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کیلئے گجراتیوں کا استحصال

نریندر مودی پر تحریک تحفظات لیڈر ہردیک پٹیل کا الزام
احمدآباد 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) تحریک تحفظات کے علمبردار ہردیک پٹیل نے آج یہ مطالبہ کیا ہے کہ سال 2002 ء کے فسادات میں سزا یافتہ پٹیل نوجوانوں کو رہا کیا جائے اور یہ الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی یہ سہولت فراہم نہیں کریںگے کیوں کہ وہ دنیا بھر میں اپنے آپ کو ایک سیکولر لیڈر ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کو موسومہ ایک مکتوب میں ہردیک پٹیل نے پٹیل برادری کے 102 ارکان کے نام پیش کئے جنھیں 2002 کے فسادات کیس میں عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ نریندر مودی سب سے پہلے گجرات کے چیف منسٹر بن گئے اور 2002 ء کے فسادات سے فائدہ اٹھاکر وزیراعظم کے عہدہ پر پہنچ گئے جبکہ اس فسادات کیلئے نریندر مودی کو مورد الزام ٹھہرایا گیا۔ واضح رہے کہ گجرات ہائیکورٹ کی ہدایت پر ہردیک پٹیل فی الحال اودے پور (راجستھان) میں قیام پذیر ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پٹیل برادری کے نوجوان جیلوں میں سڑ رہے ہیں اور نریندر مودی وزارت عظمیٰ کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ جبکہ نریندر مودی کے یہ اختیار میں ہے کہ فسادات میں ملوث پٹیل نوجوانوں کی رہائی کے لئے صدرجمہوریہ سے سفارش کرسکتے ہیں۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ مودی جی ایسا نہیں کریں گے کیوں کہ وہ ملک اور دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایک سیکولر لیڈر ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ نریندر مودی نے گجراتیوں بالخصوص پائیداروں کا استحصال کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہردیپ پٹیل نے ایک سال قبل او بی سی زمرہ میں پائیداروں کی شمولیت کے مطالبہ پر تحریک تحفظات شروع کی تھی جس کے دوران تشدد اور خونریز جھڑپوں کے بعد یہ تحریک سرد پڑ گئی ہے۔