وزارت داخلہ کے 15 جوائنٹ سکریٹریز کی راجناتھ سنگھ سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک عدیم المثال اقدام کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے 15 جوائنٹ سکریٹریز نے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے ان پر زور دیا کہ سینئر آئی اے ایس عہدیدار جیتے دویدی کو معطل کرنے کا فیصلہ پر نظرثانی کی جائے۔ دویدی کو حکومت نے نامور مبلغ اسلام ذاکر نائیک کے اسلامی تحقیقی فاونڈیشن کے ایف سی آر اے لائسنس کی تجدید میں مبینہ طور پر مدد کی تھی۔ ذرائع کے بموجب سینئر عہدیدار نے مرکزی وزیرداخلہ سے کہا کہ دویدی ایک دیانتدار عہدیدار ہیں اور ایسی کارروائی سے دوسرے دیانتدار عہدیداروں کو غلط اشارہ ملے گا اور ان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ راجناتھ سنگھ نے جوائنٹ سکریٹریز کو تیقن دیا کہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے۔ جوائنٹ سکریٹریز کا یہ اقدام عدیم المثال سمجھا جارہا ہے کیونکہ سرکاری عہدیداروں نے متحدہ طور پر ماضی میں اپنے کسی ساتھی کی تائید نہیں کی تھی جس کو حکومت کی جانب سے کارروائی کا سامنا تھا۔ ہفتہ کے دن 4 جوائنٹ سکریٹریٹریوں نے مرکزی معتمد داخلہ راجیو مہرشی سے بھی ملاقات کرکے دویدی کی معطلی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔