نئی دہلی ۔ 3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت داخلہ نے 10نکسلائٹس زیر اثر ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی پراجکٹس پر عمل آوری کا آغاز کریں ۔ وزارت ماحولیات نے اپنے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں ۔ 10ماؤسٹ زدہ ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کے نام اپنے مکتوب میں مرکزی معتمد داخلہ راجیو گوبا نے کہا کہ تمام ترقیاتی پراجکٹس بشمول سڑکوں‘ پلوں کی تعمیر ‘ ٹیلیفون ٹاورس کی تنصیب پر عمل آوری کی جانی چاہیئے ۔ مرکزی وزارت ماحولیات نے اس سلسلہ میں قواعد و ضوابط جاری کردیئے ہیں ۔ بین وزارتی اجلاس میں جو حال ہی میں منعقد کیا گیا تھا اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اجلاس کی صدارت کی تھی ‘ ریاستی حکومتوں کو اختیار دیا گیا تھا کہ وزارت ماحولیات کی منظوری 40 ہیکٹر جنگلاتی اراضی میں ترقیاتی پراجکٹس کی منظوری دی جائے جو نکسلائٹس کے زیر اثر ہیں ۔ اس طرح ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے ۔ متعلقہ رہنمایانہ خطوط مرکزی وزارت ماحولیات اور جنگلات کی جانب سے جاری کئے جائیں گے ۔ 10 نکسلائٹس زیراثر ریاستوں میں چھتیس گڑھ ‘ جھارکھنڈ ‘ اڈیشہ ‘ بہار ‘ مغربی بنگال ‘ مہاراشٹرا ‘ تلنگانہ ‘ آندھراپردیش ‘ اترپردیش اور مدھیہ پردیش شامل ہیں ۔