ورکرس اور ملازمین کو اکاونٹس سے آدھار اور یو اے این سے مربوط کرنے کا مشورہ

پراویڈنٹ فنڈ سے پنشن و انشورنس کو آسان بنایا جارہا ہے ، بنڈارو دتاتریہ مرکزی وزیر لیبر کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے تمام ورکرس اور ایمپلائز پر زور دیا کہ وہ اپنے اکاونٹس کو یونیورسل اکاونٹ نمبر (UAN) اور آدھار نمبر سے مربوط کروالیں تاکہ پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن کی جانب سے دئیے جانے والے پنشن اور انشورنس کی آن لائن کے ذریعہ اکاونٹ میں منتقلی کے طریقہ کار کو بہ آسانی عمل کیا جاسکے ۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ آج یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے EPFO کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای پی ایف ایک بہت بڑا ادارہ ہے جو ایمپلائز اور ورکرس کی فلاح و بہبود میں اپنا اہم رول ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ای پی ایف اسکیم کے تحت ایمپلائز کی فلاح و بہبود کے لیے جملہ 8 لاکھ کروڑ روپئے کا کارپس فنڈ موجود ہے اور بتایا کہ مذکورہ کارپس فنڈ کے استعمال کے لیے انڈسٹریز ، ٹریڈ یونینس اور منسٹر تینوں کے درمیان مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاتاہے کہ کس کو کتنا دیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن دونوں ریاستوں ریاست تلنگانہ اور ریاست آندھرا پردیش میں اپنی بہترین کارکردگی کی مظہر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ای پی ایف پنشنرس کو فی کس کم سے کم ایک ہزار روپئے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اور اس اسکیم کے تحت زائد از 19 لاکھ پنشنرس کو فائدہ ہوگا جب کہ 8.35 کروڑ کا زائد بوجھ عائد ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں جملہ 76952 صنعتیں ہیں جن کے منجملہ ریاست تلنگانہ میں 39734 اور ریاست آندھرا پردیش میں 37218 شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد قائم ہونے والی جدید ریاست آندھرا پردیش کے صدر مقام پر EPF آفس کے قیام کی تجویز ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو ایک رپورٹ روانہ بھی کی جاچکی ہے اور کہا کہ پٹن چیرو اور کوکٹ پلی میں بھی پی ایف آفس کی جدید بلڈنگس کی تعمیر کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے سوچھ بھارت ابھیان پروگرام کو صرف ای پی ایف دفاتر کی حد تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ ہر آفیسر کو صنعتوں کا دورہ کرتے ہوئے تمام انڈسٹریز میں بھی سوچھ بھارت ابھیان پروگرام پر عمل آوری کی جائے تاکہ ورکرس اور ملازمین کی حفظان صحت کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔ اس موقع پر سنٹرل کمشنر پراویڈنٹ فنڈ مسٹر کے کے جالان بھی موجود تھے ۔۔