حلف برداری کے بعد ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ پی دیاکر کا اظہار خیال
حیدرآباد۔/26نومبر، ( سیاست نیوز) ورنگل لوک سبھا حلقہ سے نومنتخب ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ پی دیاکر نے آج لوک سبھا میں رکنیت کا حلف لیا۔ آج صبح لوک سبھا کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی سکریٹری جنرل لوک سبھا نے پی دیاکر کو حلف برداری کے لئے نام پکارا۔ دیاکر نے تلگو زبان میں لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین کے علاوہ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن سے بھی ملاقات کی۔ ان قائدین نے 4 لاکھ 59 ہزار ووٹوںکی اکثریت سے کامیابی پر دیاکر کو مبارکباد پیش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ کے مسائل پر نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کے عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر کھرا اُترنے کی کوشش کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں وہ تلنگانہ ریاست اور بالخصوص ورنگل کی ترقی کیلئے ہر ممکن مساعی کریں گے۔ حلف برداری کے بعد مختلف جماعتوں کے ارکان نے دیاکر کو مبارکباد پیش کی۔