تلنگانہ ٹی ڈی پی کے کارگذار صدر ریونت ریڈی اور پدی ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ ٹی ڈی پی نے اب گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر توجہ دینا شروع کردیا ہے ۔ تلنگانہ ٹی ڈی پی کے کارگذار صدر ریونت ریڈی اور سینئیر قائد پدی ریڈی نے ورنگل کارپوریشن انتخابات کے لیے پارٹی کے امیدواروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ امیدواروں کو پارٹی کی کامیابی کے لیے سخت محنت کرنے کے لیے کہتے ہوئے پدی ریڈی نے کہا کہ انہیں عوام کو یہ بتانا چاہئے کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کئے جارہے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکتا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ورنگل کارپوریشن انتخابات کے نتائج حیرت انگیز ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کارپوریشن میں پارٹی 58 وارڈس میں مقابلہ کررہی ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے پارٹی چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے تلگو دیشم پارٹی کے قائدین کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے حال میں پارٹی چھوڑنے والے ای دیاکر راؤ پر تنقید کی ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر بھی اس بات کے لیے تنقید کی کہ ان کے خاندان کا کوئی رکن سمکہ جاترا نہیں پہنچا ۔۔