ورنگل پارلیمانی ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

کے سی آر کا عام کارکن کو امیدوار بنانا اچھی مثال ، ڈاکٹر ٹی راجیا کا ادعا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست  نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور ٹی آر ایس رکن اسمبلی ڈی راجیا نے ورنگل لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ دیڑھ سال میں جن فلاحی اقدامات کا آغاز کیا ، اس کی بنیاد پر ورنگل میں امیدوار کی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ نے پی دیاکر کو امیدوار کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے اچھی مثال قائم کی ہے۔ عام طور پر سیاسی جماعتیں انتخابات میں دولت مند شخص کو امیدوار بنانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن کے سی آر نے ایک عام کارکن کو پارٹی امیدوار بناتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ حقیقی کارکنوں کیلئے ان کے دل میں کافی جگہ ہے۔ راجیا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام کافی خوش ہیں اور کڈیم سری ہری سے زیادہ  اکثریت کے ساتھ ضمنی چناؤ میں پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی کہ وہ حکومت کے خلاف مہم چلاتے ہوئے عوامی تائید حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ورنگل سے مقابلہ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے پاس  موزوں امیدوار تک دستیاب نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے دوبارہ اس شخص کو امیدوار بنایا جنہیں گزشتہ  انتخابات میں عوام نے مسترد کردیا تھا ۔ انہوں نے ورنگل کے پارٹی قائدین میں اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ متحدہ طور پر مہم کے ذریعہ امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔