ورنگل میں 3 روپئے میں ساڑی شاپنگ مال پر ہجوم ،ٹریفک جام

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) ورنگل سرکل میں ایک شاپنگ مال کی طرف سے 3 روپئے میں ساڑی دینے کے اشتہار کے ساتھ ہجوم جمع ہوگیا اور 45 منٹ تک ٹریفک بری طرح جام ہوگئی ۔ پولیس نے مداخلت کی اور شاپنگ مال کے مالک سے کہا کہ وہ فوری شوروم بند کریں اس طرح ٹریفک بحال ہوسکی ، شاپنگ مال مالک نے ایک اخبار میں 3 روپئے میں ساڑی فروخت کرنے کا اشتہار دیا تھا ۔ اس عجیب و غریب ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی اطلاع ورنگل شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور شاپنگ مال جانے والے راستوں پر ہجوم ہوگیا ۔ صبح 8 بجے سے ہی شاپنگ مال پر طویل قطاریں لگ گئی تھیں ، شاپنگ مال سے ایک کلو میٹر دور تک خواتین قطار میں کھڑی تھیں ۔