ورنگل میں ہیلت یونیورسٹی کے قیام کا حکمنامہ جاری

پانچ کروڑ روپئے جاری ‘ قانون ساز کونسل میں ڈاکٹر راجیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 24نومبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا نے آج ریاستی قانون ساز کونسل کو مطلع کیا کہ حکومت نے ورنگل میں ایک ہیلت یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ خواہش ہے کہ تلنگانہ کے طلبہ کو بہتر معیاری طبی تعلیم فراہم کرنے میں مدد کی جائے ۔تلنگانہ کے طلبہ مختلف میڈیکل کورسیس کیلئے وجئے واڑہ جانے پر مجبور ہیں لیکن ورنگل میں ہیلت یونیورسٹی کے قیام سے میڈیکل طلبہ کو اپنی ہی ریاست میں تعلیم حاصل کرنے کا فائدہ ہوگا ۔ ڈاکٹر راجیا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ پہلے ہی ایک ہیلت یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرچکی ہے جس کو کالوجی نارائن راؤ سے موسوم کیا جائے گا ۔ حکومت اس مقصد کیلئے پانچ کروڑ روپئے جاری کیہے اور ایک دفتر بھی قائم کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر راجیا نے کہا کہ تلنگانہ میں 20میڈیکل کالجس ہیں جن میں پانچ سرکاری اور تین اقلیتیکالجس بھی شامل ہیں ۔ 20کالجوں میں ایم بی بی ایس کے 2950 طلبہ کی گنجائش ہے ۔ڈاکٹر راجیا ایوان میں مسرس کے پربھاکر ‘ پی سدھاکر راؤ اور بی وینکٹیشور راؤ کے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔