حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ورنگل میں کالوجی آرٹ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس آرٹ سنٹر کیلئے کالوجی صدسالہ تقریب کے موقع پر جاریہ ماہ 9 ستمبر کو چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو خود سنگ بنیاد رکھیں گے۔ باوثوق سرکاری درائع نے یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ ہنمکنڈہ میں واقع بالا سمدرم کے مقام پر ساڑھے تین ایکڑ اراضی پر اس آرٹ سنٹر (کالوجی کلا کیندر) کی تعمیر عمل میں لائے جائے گی ۔ اس کلا کیندرم میں کالوجی کا قد آور مجسمہ کی تنصیب عمل میں لانے کے علاوہ زبردست باغبانی کو ترقی دینے کی چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں واقع رویندرا بھارتی تھیٹر کے طرز پر یہ کلا کیندرم تعمیر کرنے اور تہدیبی و ثقافتی سرگرمیوں کیلئے ہی نہیں بلکہ شادیوں و دیگر تقاریب کیلئے قابل استعمال رہنے، ڈائننگ ہال کے ساتھ آڈیٹوریم کی بھی تعمیر عمل میں لانے کی مسٹر چندر شیکھر راو نے ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ تقریبا 2000افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھتے ہوئے انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ آڈیٹوریم تعمیر کرنے ،انتہائی شاندار ڈیزائن مرتب کرنے کیلئے بہترین آرکیٹکٹ کا انتخاب کر نے کا عہدیداروں کو چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے حکم دیا ہے ۔ کالوجی صدر سالہ تقاریب کے انعقاد کا جائزہ لینے کیلئے سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے اس بات کا فیصلہ کیا ۔ علاوہ ازیں ہنمکنڈہ کالوجی کلا کیندرم میں کالوجی فاونڈیشن کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے بھی جگہ فراہم کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔ چیف منسٹر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں مشیر ریاستی حکومت تلنگانہ مسٹر کے وی رمنا چاری،سکریٹری تہذیبی امور مسٹر بی پی اچاریہ ، پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر مسٹر نرسنگ راو ،ڈائرکٹر محکمہ تہذیبی و ثقافتی امور مسٹر آر کویتا پرساد و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔