ورنگل میں پولیس پر فائرنگ کے بعد ایک نکسلائٹ گرفتار، دو فرار

ورنگل 3 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں موپلاوینی گاؤں کے قریب فائرنگ کے مختصر تبادلہ کے بعد پولیس نے آج ایک ماؤنواز کو گرفتار کرلیا۔ تاہم اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب 9 بجے شب ایٹور نگرم میں پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی کہ ایک موٹر سیکل پر سوار تین افراد کو روک لیا گیا۔ ورنگل پولیس سپرنٹنڈنٹ (رورل) عنبر کشور جھا نے کہاکہ ’’پولیس نے جب ان (تین افراد) سے شناخت کے بارے میں دریافت کیا تو ان میں سے ایک نے پولیس پر فائرنگ کی جس کا پولیس نے فی الفور جواب دیا‘‘۔ جھا نے مزید کہاکہ فائرنگ کے بعد یہ تینوں فرار ہوگئے لیکن پولیس نے تعاقب کے دوران ایک کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت مدھو کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ ماؤنواز دلم کمانڈر ہے۔ جھا نے مزید کہاکہ مدھو کے قبضہ سے دو چھوٹے آتشیں اسلحہ ضبط کرلئے۔ دیگر دو مفرور نکسلائٹس کوپکڑنے کے لئے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔