ورنگل میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے لیے ہریش راؤ پر اعتماد

کارپوریشن انتخابات میں تلنگانہ تحریک میں سرگرم حصہ لینے والوں کو اولین ترجیح دی گئی
ورنگل ۔ 26 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے واضح طور پر کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے ورنگل کارپوریشن انتخابات میں تلنگانہ تحریک میں سرگرم حصہ لینے والوں کو اولین ترجیح دی ہے ۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے سماجی زاویہ سے سوچتے ہوئے عوام کے تمام طبقات کو ترجیح دینے کی کوشش کی ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ ان قائدین کو جنہیں ٹکٹ حاصل نہیں ہوا ہے ، پارٹی سے نا امید نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے ان قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ جنہوں نے پارٹی کی خواہش پر ان کی نامزدگیاں واپس لے لیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی خاطر کام کرنے والے ہر ورکر کا پارٹی احترام کرتی ہے اور مناسب وقت پر انہیں عہدے دے گی ۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ورنگل کارپوریشن انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر اعتبار کرتے ہیں اور ان کے ترقیاتی کاموں کی وجہ پارٹی کی کامیابی یقینی ہوگی ۔ یہ کہتے ہوئے کہ کانگریس نے جو سابق میں 10 سال تک برسراقتدار رہی ورنگل کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ ہریش راؤ نے اس خیال کا اظہار کیا کہ تلگو دیشم انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کو ورنگل کے عوام پر پورا بھروسہ ہے اور وہ ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔۔