ورنگل میں نئے ایر پورٹ کے قیام کیلئے مرکز سے مطالبہ

حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن پارلیمان مسٹر بی نرسیا گوڑ نے ورنگل میں فی الفور نئے ایر پورٹ کا قیام عمل میں لانے کا مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں صرف ایک ایرپورٹ ہی پایا جاتا ہے اور اس ایک ایرپورٹ پر ہی مرکزی حکومت اکتفاء کرنا چاہتی ہے۔ جبکہ سابق میں بھی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی متعدد مرتبہ مرکزی حکومت سے ریاست تلنگانہ میں نئے ایر پورٹس کی تعمیر عمل میں لانے کے مطالبہ پر موثر نمائندگی کرچکے ہیں۔ لیکن آج تک بھی مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی مثبت رد عمل یا پیشرفت نہیں ہوئی۔ مسٹر بی نرسیا گوڑ نے مرکزی حکومت کی سرد مہری کے خلاف اپنے سخت احتجاج کا اظہار کیا ۔ رکن پارلیمان مسٹر نرسیا گوڑ نے چین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ایک بچہ پالیسی پر عمل کیا جاتا ہے اسی طرح ریاست تلنگانہ میں بھی صرف ایک ہی ایرپورٹ پالیسی پر مرکزی حکومت عمل کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ مسٹر بی نرسیا گوڑ رکن پارلیمان تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بیگم پیٹ ایرپورٹ کو محکمہ دفاع کے حوالے کرنے کی تجویز کے خلاف نہ صرف سخت احتجاج کیا بلکہ شدید مخالفت کی اور فی الفور اس مبینہ تجویز سے دستبرداری اختیار کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔