کارپوریشن کی 48 نشستوں پر کامیابی یقینی ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ ورنگل میں اقلیتی رائے دہندے ٹی آر ایس کی مکمل تائید کررہے ہیں اور کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی کو 48سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ ورنگل بلدی انتخابات کی مہم میں مصروف ڈپٹی چیف منسٹر نے گزشتہ دو دن سے ورنگل کے مختلف علاقوں میں گروپ میٹنگس سے خطاب کیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی صرف ٹی آر ایس حکومت سے ممکن ہے اور اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کے خلاف پروپگنڈہ محض سیاسی مقصد براری کے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی طرح ورنگل اور کھمم کارپوریشنوں میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت حاصل ہوجائے گی۔ انتخابی مہم کے بعد سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہر جگہ عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور کانگریس و تلگودیشم امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حقیقی معنوں میں سیکولر اور اقلیتوں کے ہمدرد ہیں۔ انہوں نے اقتدار کے حصول کے فوری بعد اقلیتوں کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں اور ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کارپوریشن پر اقتدار عطا کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ حیدرآباد سے مہم میں حصہ لینے کیلئے ورنگل پہنچنے والے اقلیتی قائدین ارشد علی خاں، شریف الدین، محمد منیر اور دوسروں نے بھی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جمعہ کی صبح انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ورنگل کی انتخابی مہم میں کئی وزراء اور عوامی نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع کے تلگودیشم اور کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد سے پارٹی کا موقف کافی مستحکم ہوچکا ہے۔ اسی دوران وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج ورنگل میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی رفتار کا کوئی بھی پارٹی مقابلہ نہیں کرسکتی۔ نہ صرف کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا بلکہ میئر بھی ٹی آر ایس کا ہوگا۔ این نرسمہا ریڈی نے آج ہنمکنڈہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ہمراہ انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے جن ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا آغاز کیا ہے ان کی تکمیل میں تعاون کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں ورنگل کو تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ شہر میں تبدیل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ورنگل ٹاؤن کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔