ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لئے کانگریس کی تیاریاں

5 تا 14 اگست بڑے پیمانے پر جلسے، کمیٹیوں کی تشکیل، صدر پی سی سی اتم کمار کی حکمت عملی
حیدرآباد /29 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لئے 6 اہم قائدین کی قیادت میں علحدہ علحدہ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 5 تا 14 اگست 24 منڈلوں، 2 نگر پنچایت اور 58 ڈیویژنس میں بڑے پیمانے پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کڈیم سری ہری کے مستعفی ہونے کے بعد مجوزہ ضمنی انتخاب کے لئے کانگریس نے تیاریاں شروع کردی ہیں، 21 تا 25 جون ورنگل لوک سبھا کے 7 اسمبلی حلقوں میں اجلاس منعقد کئے گئے۔ علاوہ ازیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے منڈل اور ڈیویژن سطح کے پارٹی کیڈر کو سرگرم کرنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے 6 اہم قائدین اتم کمار ریڈی، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس ملو بٹی وکرامارک، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا اور سابق ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کی قیادت میں علحدہ علحدہ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ان کمیٹیوں میں سابق وزراء، سابق ارکان پارلیمنٹ، موجودہ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین کو شامل کیا گیا ہے، جب کہ اتم کمار ریڈی نے دو اسمبلی حلقہ جات کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ان کی کمیٹی میں سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین، سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس رضی الدین احمد، جب کہ دوسری کمیٹی میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خواجہ فخر الدین، محمد علی شبیر، سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس ڈاکٹر ایم اے انصاری اور دیگر قائدین کو شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح کے جانا ریڈی کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین اور شہاب الدین شامل ہیں، جب کہ ملو بٹی وکرامارک کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر ڈی سریدھر بابو کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں کسی مسلم قائد کو شامل نہیں کیا گیا، جب کہ سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں محمد سلیم اور علی باشاہ کو شامل کیا گیا ہے۔