تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا خصوصی اجلاس
حیدرآباد /21 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے آج گاندھی بھون میں ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس طلب کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اجلاس کے تعلق سے تمام قائدین کو پہلے ہی اطلاع دے دی تھی اور وہ سب گاندھی بھون پہنچ بھی گئے، مگر سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا (جن کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے) کو مدعو نہیں کیا۔ ذرائع کے بموجب اجلاس میں اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس امور کنٹیا، ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس ملو بٹی وکرامارک، سابق گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رام ریڈی اور دیگر نے شرکت کی۔ شرکائے اجلاس کے دریافت کرنے پر اتم کمار ریڈی کو پنالہ لکشمیا کی عدم موجودگی اور انھیں مدعو نہ کرنے کا احساس ہوا، لہذا انھوں نے فوراً ٹیلیفون پر ان سے بات چیت کی اور اجلاس کے تعلق سے اطلاع نہ دینے پر معذرت خواہی کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی اپیل کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران پنالہ لکشمیا نے اتم کمار ریڈی پر سخت برہمی اور سینئر قائدین کو بھول جانے پر تعجب کا اظہار کیا اور اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔ اس دوران انھوں نے اپنے حامیوں کے سامنے انھیں پارٹی میں نظرانداز کرنے کی شکایت بھی کی۔ واضح رہے کہ تقسیم ریاست کے بعد کانگریس ہائی کمان نے پنالہ لکشمیا کو تلنگانہ پردیش کانگریس کا صدر نامزد کیا تھا، لیکن جب وہ ایم ایل سی کی خواہش لے کر دہلی پہنچے تو ہائی کمان نے انھیں پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹادیا، اس کے باوجود وہ پارٹی سے وابستہ رہ کر اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔