ورنگل ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

چیف منسٹر اور حکومت پر اپوزیشن کی تنقید مسترد ‘ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر ۔ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ورنگل کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے تلنگانہ کی تمام اپوزیشن جماعتیں خواہ کتنے ہی حربے استعمال کریں اور کتنی ہی سازشیں رچیں اس میں اپوزیشن جماعتوں کو بہر صورت ناکامی اور ٹی آر ایس  ہی کامیاب ہوگی ۔ ڈپی چیف منسٹر اور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ لوک سبھا ورنگل سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ ہر سطح پر رائے دہندے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی بھر پور تائید کر رہے ہیں ۔  انہوں نے حال حقیقت سے واقفیت کے بغیر ہی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے من مانی انداز میں ٹی آر ایس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدیں کرنا اور الزامات عائد کرنے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ہر ایک سیاسی جماعت کو اپنا اظہار خیال کرنے کا مکمل حق ضرور حاصل ہے لیکن حقیقت سے بعید بے بنیاد الزامات عائد کرنا اپوزیشن جماعتوں کے لئے کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ مسٹر کے سری ہری نے یہاں تک کہا کہ حلقہ لوک سبھا ورنگل سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدوار کی شاندار کامیابی کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راو کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت انتخابات میں عوام سے کئے ہوئے وعدوں کوایک بعد دیگر پورا کرنے کے علاوہ ٹی آر ایس اپنے انتخابی منشور میں نہ کئے ہوئے وعدے بھی پورا کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ بالخصوص کسانوں کو بغیر کسی خلل کے شدید گرما کے باوجود زرعی اغراض کیلئے برقی  سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کسی طرح بھی برسراقتدار آنے کے لئے اپوزیشن جماعتیں حکومت پر کیچڑ اچھالنے کے لئے ہی کوشاں ہیں ۔ لیکن تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔