ورنگل حلقہ کیلئے کانگریس امیدوار کا آج اعلان

پارٹی کو ایک لاکھ ووٹوں سے کامیابی کا یقین : اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد 30 اکٹوبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے ورنگل لوک سبھا حلقہ کیلئے پارٹی امیدوار کا ہفتہ کو اعلان کیا جائیگا ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی ورکرس اور قائدین کی رائے اور امیدوار کے انتخاب کے تعلق سے ان کے خیالات سے واقفیت حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار کا جمعرات کو کئے گئے ایک سروے کی بنیاد پر انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں کانگریس کے امکانات کے تعلق سے ایک قومی سطح کی تنظیم نے سروے کروایا ہے اور اس نے پیش قیاسی کی ہے کہ یہاں کانگریس کو ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ آئی این این کے بموجب اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے نئے عہدیداروں کا جلد تقرر عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کو نئی کمیٹی میں نمائندگی دی جائیگی ۔ ہر ضلع سے ایک نائب صدر ہوگا ۔ یہ اشارہ بھی دیا جا رہا ہے کہ پارٹی میں ایک شخص ایک عہدہ کے اصول پر عمل کیا جائیگا اور جو لوگ مقننہ میں عہدے رکھتے ہیں انہیں پارٹی کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا جاسکتا ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ نئے جنرل سکریٹریز اور نئے ترجمان بھی جلد مقرر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ورنگل انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کی امید بھی ظاہر کی ۔