پلوامہ حملہ کے بعد ملک بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ ہندوستان کو ورلڈ کپ میں پاکستان سے ہونے والے میچ کا بائیکاٹ کرنا چاہئے ۔ اس معاملہ پر لوگوں کی رائے منقسم ہے ۔ جہاں کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو میچ کا بائیکاٹ کرنا چاہئے وہیں کچھ میچ کھیلنے کی حمایت بھی کررہے ہیں ۔
اس معاملہ پر کرکٹ کے "بھگوان "کہے جانے والے سابق بلے باز سچن تیندولکر نے بھی اپنی رائے ظاہر کی ہے۔ سچن تیندولکر کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو میچ کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے ۔ کیونکہ اس سے پاکستان کوہی فائدہ ہوگا۔
نیوزی ایجنسی پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے سچن تیندولکر نے کہا کہ مجھ کو ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ نہ کھیل کر انہیں دو پوائنٹس دینے سے نفرت ہوگی ، کیونکہ اس سے انہیں مدد ملے گی ۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو ہرایا ہے ۔ اس مرتبہ پھر انہیں ہرانے کا وقت ہے ، مجھے ذاتی طور پر پاکستان سے نہ کھیل کر انہیں دو پوائنٹس دے کر ان کی مدد کرنے سے نفرت ہوگی۔
بتادیں کہ اس سے پہلے سابق سینئر بلے باز سنیل گواسکر بھی کچھ اسی طرح کی رائے کا اظہار کرچکے ہیں ۔ وہیں جمعہ کو بی سی سی آئی اور سی او اے کے درمیان ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے کو لے کر میٹنگ ہوئی ۔ طویل میٹنگ کے بعد سی او اے نے پاکستان کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت پر چھوڑدیا ۔