ورلڈ ٹریڈ سنٹر اسٹیشن پر بچی کی پیدائش

نیویارک۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک کی ساکن ایک خاتون نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے کمیوٹر اسٹیشن پر ایک صحت مند بچی کو جنم دیا جو 9/11 حملوں کے بعد اس مقام پر پہلی پیدائش ہے۔ خاتون کوئنس علاقہ کی ساکن بتائی گئی ہے جس کی زچگی کے ایام پورے ہوچکے تھے۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹر پاتھ اسٹیشن پر اسے دردِ زہ شروع ہوا۔ اس وقت رات کے 2:30 بجے تھے اور پورٹ اتھاریٹی پولیس افسران نے اس کے ساتھ ہی ممکنہ تعاون کیا۔ جنم لینے والی بچی کا وزن 6 پاؤنڈ بتایا گیا ہے۔ اسٹیشن کی معلق منزل کے احاطہ میں آفیسر برائن میک گرا نے بچی کی پیدائش کے لئے ہر ممکنہ تعاون کیا۔ دریں اثناء پورٹ اتھاریٹی نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کو ایک اچانک یہ محسوس ہونے لگا کہ کسی بھی وقت زچگی ہوسکتی ہے لہذا وہاں موجود افسران نے فوری ایک گوشہ کو زچگی کے لئے مختص کردیا اور اسی وقت ایمرجنسی میڈیکل خدمات بھی وہاں پہنچ گئیں اور کچھ ہی منٹوں میں کامیابی کے ساتھ زچگی ہوگئی۔ بچی کا نام آسنیات رکھا گیا ہے۔ بعدازاں اسے اس کے والدین اور دو سالہ بھائی کو میان ہٹن کے بلیک مین ڈاؤن ٹاؤن ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر نیویارک اسٹیٹ گورنر اینڈریو کومو نے بھی بچی کی پیدائش پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ مبارکباد دی۔