ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں چندرا بابو کی شرکت

ڈاؤس 20 جنوری ( پی ٹی آئی ) سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کے طور پر چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو امکان ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں ریاست کیلئے اپنے ویژن کا اظہار کرینگے ۔ اجلاس میں دنیا بھر کے معروف پالیسی ساز اور کارپوریٹ قائدین شرکت کرینگے ۔ گذشتہ سال آندھرا پردیش سے تلنگانہ کی علیحدگی کے بعد ریاست کی تعمیر کے چلنج کا سامنا کر رہے نائیڈو اپنی ریاست میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اور عالمی کمپنیوں کو لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ نائیڈو اس اجلاس میں خصوصی مدعو ہونگے ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر کہا کہ وہ ڈاؤس کے سہ روزہ دورہ پر جا رہے ہیں ۔ اور انہیں امید ہے کہ وہاں دلچسپ سشنس میں شرکت کرینگے اور ریاست کے تعلق سے اپنے ویژن کا اظہار کرینگے ۔ چندرا بابو نائیڈو ایک دہے کے وقفہ کے بعد ڈاوس کا دورہ کر رہے ہیں۔ نائیڈو آندھرا پردیش میںسرمایہ کاری پر ہونے والے ایک خصوصی سشن سے بھی خطاب کرینگے جس کا اہتمام ریاستی حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے ۔ وہ صنعتکاروں ‘ تاجروں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین سے بھی باہمی ملاقاتیں کرینگے ۔ نائیڈو کا یہ دورہ سرکاری طور پر 21 جنوری سے شروع ہو رہا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو شہری ترقی کے مستقبل پر ہونے والے ایک سشن میں مختلف ممالک کے وزرا ‘ بڑی کارپوریشنس کے سی ای اوز کے ساتھ مہمان خصوصی ہونگے ۔ وہ جاپانی وفد کے ایک خصوصی سشن میں بھی شریک ہونگے ۔ چندرا بابو نائیڈو 1995 سے 2004 تک آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں شرکت کرتے رہے ہیں۔