ورزش اور یوگا سے ذہنی تناؤ پر قابو پانے کا ذریعہ

عوام خود فیصلہ کرلیں اور عمل کریں تو روز مرہ زندگی میں بہتری ممکن
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز)ذہنی تناؤ کا شکار افراد افسردگی اور پژمردگی کو دور کرنے کے لئے اپنے طور پر اقدامات کرتے ہوئے صحت مند زندگی گذار سکتے ہیں ۔ شہری زندگی میں ذہنی تناؤ میں اضافہ کوئی نئی بات نہیں رہی اور آئے دن لوگ ذہنی تناؤ کا شکار ہونے لگے ہیں جس کے مضر اثرات صحت پر مرتب ہونے لگتے ہیں۔ ذہنی تناؤ سے ہونے والی افسردگی سے نکلنے کیلئے اگر تناؤ کا شکار افراد خود فیصلہ کرلیں تو ان کیلئے کوئی مشکل نہیں ہوگا بلکہ وہ اس صورتحال سے نکل کر نئے حوصلہ کے ساتھ بہتر زندگی گذارنے کے اہل ثابت ہوسکتے ہیں۔ زندگی میں معمولی تبدیلیوں اور معمولات کو بہتر بناتے ہوئے ذہنی تناؤ کے شکار افراد اپنے آپ میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ سب سے پہلے ذہنی تناؤ کی وجہ کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی حکمت عملی کی تیاری کے ذریعہ تناؤ سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ بازار میں دستیاب ہربل طریقہ علاج بھی ذہنی تناؤ کو دور کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انسان کی دماغی صحت میں بہتری کے لئے ضروری ہے کہ اسے پرسکون ماحول فراہم کیا جائے تاکہ انسانی غدود وں کو آرام میسر آسکے جو کہ جسمانی و دماغی صحت کیلئے از حد ضروری ہے۔ ذہنی تناؤ میں مبتلاء افراد روزانہ ہلکی ورزش کے ذریعہ اپنی دماغی صحت کو مستحکم کر سکتے ہیں اور ورزش اور یوگا ان کے لئے ذہنی سکون کا باعث ثابت ہوسکتی ہے اس کے علاوہ اگر وہ روزانہ چہل قدمی کی عادت بھی ڈال لیں تو ان کے لئے کافی بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔ تناؤ سے بچنے کے لئے ماحول کی تبدیلی کو سب سے آسان طریقہ کار تصور کیا جاتاہے لیکن صرف ماحول کی تبدیلی حالات کو معمول پر نہیں لاتی بلکہ حالات کے ساتھ ساتھ غذائی تبدیلیاں بھی بے حد ضروری ہوتی ہیں کیونکہ جب تک صحت مند اور معیاری غذاء کا استعمال نہیں کیا جاتا اس وقت تک ذہنی تناؤ دور ہونا ناممکن ہوتا ہے کیونکہ جب انسان غیر معیاری چکنائی والی اشیاء کا استعمال کرلیتا ہے تو ایسی صورت میں وہ اختلاج جیسی صورتحال کا شکار ہونے لگتا ہے اور یہ اختلاج کی کیفیت ذہنی تناؤ کا شکار بنا سکتی ہے۔ذہنی سکون میں نیند کا بہت بڑا دخل ہوتا ہے اور جب تناؤ کا شکار افرا دکو اچھی نیند میسر آنے لگتی ہے تو وہ ذہنی تناؤ کی صورتحال سے نجات حاصل کرنے لگتے ہیں اسی لئے ذہنی تناؤ سے بچنے کیلئے نیند کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانا ضروری ہے ۔اپنے طور پر ذہنی تناؤ کو دور کرنے کیلئے اگر یہ معمولی چیزوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے تو ایسی صورت میں تناؤ دور کرتے ہوئے بہتر جسمانی و ذہنی صحت حاصل کی جاسکتی ہے۔