حیدرآباد۔10فبروری ( این ایس ایس ) برقی شعبہ کے 23یونینوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ملازمین نے آج ودیوت سودھا پر آندھراپردیش پاؤر الکٹریسٹی ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت میں دھرنا منظم کیا ۔ قبل ازیں احتجاجی ملازمین زبردستی ودیوت سودھا میں داخل ہوگئے لیکن سیکیورٹی آفیسرس کے علاوہ وہاں تعینات پولیس نے انہیں روک دیا جس پر احتجاجی ملازمین سڑکوں پر بیٹھ گئے اور دھرنا منظم کیا جس کے نتیجہ میں اس مصروف ترین سڑک پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی آمد و رفت درہم برہم ہوگئی ۔ احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے جے اے سی چیرمین سیتارام ریڈی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم سے کم اب پے ریویژن کمیٹی تشکیل دی جائے اور دیرینہ بقایات ادا کئے جائیں ۔ انہوں نے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے اور باقاعدہ شرح تنخواہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ جے اے سی چیرمین نے حکومت کو خبردار کیا کہ بحالت مجبوری اچانک بڑے پیمانے پر ہڑتال کی جائے گی جس کیلئے صرف چیف منسٹر ہی ذمہ دار ہوں گے ۔