ودیاساگر مجسمہ کیلئے بی جے پی سے مدد نہیں چاہئے : ممتا

مندر بازار ( مغربی بنگال ) 16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر ممتابنرجی نے کہا کہ مغربی بنگال کو ودیاساگر کے مجسمہ کی دوبارہ تعمیر کیلئے بی جے پی سے پیسے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ بنگال کے پاس وسائل موجود ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ ان کی حکومت ودیا ساگر کے مجسمہ کی دوبارہ اسی مقام پر تنصیب کو یقینی بنائیگی ۔ ممتابنرجی نے بنگال میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ودیاساگر کا مجسمہ کولکتہ میں لگانے کی بات کر رہے ہیں۔ ہمیں کیوں بی جے پی کا پیسہ درکار ہوگا ۔ بنگال کے پاس کافی وسائل موجود ہیں اور خود ہم یہ مجسمہ دوبارہ نصب کروالیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجسموں کو نقصان پہونچانا بی جے پی کی عادت ہے اور اس پارٹی نے پڑوسی ریاست تریپورہ میں بھی ایسا کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بنگال کے 200 سالہ قدیم ورثہ کو تباہ کیا ہے ۔