وحدت اسلامی ہند کی ملک گیر مہم کا کامیاب اختتام، لاکھوں بندگانِ توحید تک پہنچایا گیا پیغام

اورنگ آباد۔12ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ’’ایمان، استقامت اور اتحاد‘‘ کے مرکزی موضوع پر وحدت اسلامی ہند کی جانب سے یکم ستمبر سے شروع کی گی 10 روزہ کل ہند ’’ملت بیداری مہم‘‘ کو انتہائی موثر اور دور رس نتائج کی حامل قرار دیتے ہوئے وحدت اسلامی کے سیکریٹری جنرل ضیاء الدین صدیقی نے کہا کہ یہ مہم رابطہ عامہ کیلئے چلائی گئی تھی جس میں الحمدللہ کامیابی ملی ہے ۔مہم کے اختتام پر انھوں نے اورنگ آباد میں بتایا کہ جن مقاصد کے تحت یہ مہم شروع کی گئی تھی اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے اور ہم ملت تک یہ پیغام پہنچانے میں بڑی حد تک کامیاب ہوئے ہیں کہ موجود حالات میں ہمارا رویہ کیا ہونا چاہئے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیتے ہوئے چوکسی و بیداری اور علم و آگہی کیساتھ توجہ و مثبت اقدامات کی کتنی شدید ضرورت ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس عشرہ میں ، مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری جنرل مولانا سید محمد ولی رحمانی، بورڈ کے سیکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی، جماعت اسلامی کے کل ہند امیر مولانا سید جلال الدین انصر عمری ، جمعیۃ العلماء کے مولانا ارشد مدنی اور مولانا محمود مدنی، مفتی محمد مکرم (امام، مسجد فتح پوری) وغیرہ ملت کے اہم قائدین سے خصوصی ملاقاتیں کی گئی اور انھیں مہم کے مقاصد سے واقف کرایا گیا، نیز تبلیغی جماعت دہلی مرکز کے اطراف میں اور دیگر کئی اہم مقامات پر لوگوں سے ملاقاتیں کی گئی اور انھیں مہم کا پیغام پہنچایا گیا۔اس مہم کے دوران مہاراشٹر، یوپی، تملناڈو، بنگال، راجستھان، گجرات، کرناٹک، تلنگانہ، دہلی، مدھیہ پردیش ، بہار ، پنجاب، کیرالہ ان سب ریاستوں کے مختلف شہروں و دیہاتوں میں عوامی رابطے قایم کئے گئے اور گراس روٹ لیول پر جا کر ملت میں بیداری کا کام انجام دیا گیا۔اسی طرح خواتین نے بھی اپنے حلقوں میں کل ہند سطح پر یوپی، مہاراشٹر، تلنگانہ، راجستھان ، تملناڈو، کیرالہ، ویسٹ بنگال اور گجرات وغیرہ ریاستوں میں خواتین اور طالبات کو مہم پیغام اور مقاصد سے آگاہ کیا۔ وحدت اسلامی کے کل ہند امیر مولانا عطاء الرحمٰن وجدیؔ کے مطابق لاکھوں بندگانِ توحید تک اس اہم پیغام کو پہنچایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ عشرہ بھر کی مہم نہیں بلکہ زندگی بھر کا کام ہے ، انھوں نے مرتے دم تک اس کام کو کرتے رہنے کی ضرورت پر زور دیا اورخصوصی دعا کی کہ اللہ اس مہم کے مقاصدکو پورا فرمائے اور ملک میں ملت اسلامیہ کو عزت و وقار کی زندگی عطا فرمائے۔