چیف منسٹر چندرا بابو کی شرکت، چیرمین حج کمیٹی جلیل خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 مئی (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے حلقہ اسمبلی وجئے واڑہ ایسٹ رکن اسمبلی و صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ مسٹر جلیل خان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو جاریہ ماہ 12 مئی کو آندھراپردیش حج ہاؤز عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ عمارت جملہ 70 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کی جائے گی۔ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جلیل خان نے بتایا کہ مجوزہ حج ہاؤز وجئے واڑہ میں تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حج ہاؤز کی عمارت کیلئے بہترین ڈیزائن پر مشتمل پلان مرتب کروانے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ صدرنشین اے پی وقف بورڈ نے حج ہاؤز عمارت کی تعمیر کیلئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی خصوصی دلچسپی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو آندھراپردیش حج ہاؤز کی عمارت کو ملک بھر میں ایک خوبصورت و منفرد نوعیت کی بنانے سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی نے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل ہونے میں مسٹر جگن موہن ریڈی پر رکاوٹ بننے کا الزام عائد کیا اور بتایا کہ مسٹر جگن موہن ریڈی نے مرکزی حکومت کے ساتھ خفیہ ساز باز کرکے ریاست کو خصوصی موقف فراہم نہ ہونے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور ریاستی تلگودیشم حکومت کے تعلق سے غلط اطلاعات فراہم کرکے مرکزی حکومت پر آندھراپردیش کو فنڈز فراہم نہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ مسٹر جلیل خان نے مزید بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد مسٹر جگن موہن ریڈی کے پارٹی قائدین کے ساتھ آمرانہ طرزعمل اختیار کرنے کی وجہ سے کئی اہم قائدین وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے اپنی بیزارگی کا اظہار کرکے دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرنے پر اپنی توجہ دے رہے ہیں ۔