وجئے واڑہ میں 1.98کروڑروپئے کی بھاری رقم ضبط

حیدرآباد 10اپریل (یواین آئی ) آندھراپردیش کے ضلع وجئے واڑہ میں پولیس نے بھاری رقم ضبط کی جو رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے منتقل کی جارہی تھی۔ضلع کے اینی کے پاڈو علاقہ کے قریب تلاشی مہم کے دوران 1.98 کروڑروپئے کی بھاری رقم ضبط کی۔منگل کی شب سمنٹ کے تھیلو ں کے ساتھ جانے والی لاری کو پولیس نے روکا جس میں سے یہ رقم دستیاب ہوئی۔اس رقم کے وجئے واڑہ سے ایلورو منتقل کرنے کی اطلاع پر تاڑی گڈی کے قریب پولیس نے تلاشی مہم میں شدت پیدا کی ۔پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ یہ رقم کس کی ہے اور اس کو کہاں منتقل کیاجارہا تھا؟پولیس نے لاری ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی۔رائے دہی کے قریب حالیہ دنوں میں بڑے پیمانہ پر رقومات ضبط کی گئی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ضبط شدہ رقم کو مزید کارروائی کے لئے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے حوالہ کردیاگیا۔دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ان ریاستوں کے مختلف اضلاع میں پولیس چوکس ہوگئی ہے اور بالخصوص چیک پوسٹوں و ریاست کے سرحدی علاقوں میں چوکسی کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی تلاشی کے کام سرگرمی سے کئے جارہے ہیں۔