وجئے واڑہ۔/7مئی، ( پی ٹی آئی) ساحلی آندھرا کے شہر وجئے واڑہ میں پارلیمانی حلقہ کے رائے دہندوں نے پہلی مرتبہ ایک نئے تجربہ کے طور پر انتخابی عمل کا ایک بڑے اسکرین پر رواں مشاہدہ کیا جو اس مقصد کیلئے نصب کیا گیا تھا کہ ضلع کرشنا کے نوزوڈ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی ( آئی آئی آئی ٹی) کے طلباء اور بی ایس این ایل کے اشتراک سے یہ منفرد کام کیا گیا۔ اس مقصد کیلئے مختلف پولنگ بوتھس پر کی جانے والی رواں ویب کاسٹنگ کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ مختلف پولنگ بوتھس پر انتخابی نقائص
اور مختلف بدعنوانیو ں کے انسداد کیلئے ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس عمل کے دوران عوام نے پہلی بار ایک مقام پر موجود رہتے ہوئے سارے حلقہ کے انتخابی عمل کارواں مشاہدہ کیا۔ مزید برآں حیدرآباد میں ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لعل اور کلکٹر ضلع کرشنا ایم رگھو نندن راؤ نے بھی اس دلچسپ و منفرد کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ وجئے واڑہ کے بینز سرکل کے قریب قدآدم اسکرین نصب کیا گیا تھا اور سینکڑوں افراد نے وہاں پہنچ کر انتخابی عمل کا دلچسپی کے ساتھ مشاہدہ کیا۔ 10×20 فیٹ کے اسکرین پر بیک وقت 32پولنگ مراکز کا مشاہدہ کیا جارہا تھا اور سارے حلقہ کے 2500مراکز رائے دہی کا احاطہ کیا گیا۔ حیدرآباد کے برائیٹ آڈیو ویژولس نے تکنیکی تعاون و اشتراک کیا۔